Thursday 19 January 2017

Computer Introduction


ایک زمانہ تھا جب کمپیوٹر ایک الگ ہی چیز دیکھی اور سمجھی جاتی تھی، لیکن آج کے دور میں کمپیوٹر کی دنیا کوئی نئی بات نہیں رہی۔ روز بروز اور نت نئی آنے والی ٹیکنالوجی نے انسان کو متحیر کرنا چھوڑ دیا ہے۔ اب کمپیوٹر کی دنیا میں ہر نیا آنے والا شخص بھی کمپیوٹر سے کچھ نہ کچھ آگاہی رکھتا ہے۔ البتہ اِس کچھ نہ کچھ میں ہر نئے آنے والے شخص کے ذہن میں دو سوال ضرور ابھرتے ہیں کہ کمپیوٹر کرتے کیا ہیں یا پھر ہم کمپیوٹر سے کیا کرسکتے ہیں؟ ان دونوں سوالوں کا ذہن میں آنا ایک خوش آئند بات ہے، کیوں کہ یہی وہ دو سوال ہیں جو کمپیوٹر کی دنیا میں آگے چل کر نئی راہ ہموار کرتے ہیں۔

شروع میں کمپیوٹر بڑا بھی تھا اور وزنی بھی، جبکہ یہ وزن تقریباً ستائس ٹن کے لگ بھگ تھا۔ اس بھاری بھرکم کمپیوٹر کو استعمال کرنے کے لیے اٹھارہ ہزار ایسی ٹیوب استعمال ہوتی تھیں جو چھوٹے چھوٹے بلب کے مانند ہوا کرتی تھیں۔ ماہرین نے ان تمام ٹیوب کو کمپیوٹر میں ایسی مہارت سے لگایا ہوا تھا کہ اگر کوئی ٹیوب خراب بھی ہوجاتی تو اسے وہیں سے نکال کر نئی ٹیوب سے بدل دیا جاتا۔ اب اتنے بڑے کمپیوٹر کے لیے ظاہر ہے چھوٹی سی جگہ کے بجائے ایک بڑی جگہ درکار ہوا کرتی تھی۔ اسی لیے اسے ایک ہال نما کمرے میں رکھا جاتا جب کہ اسے operate کرنے کے لیے ایک ٹیم ہمیشہ موجود رہتی تھی۔

موجودہ کمپیوٹر کا اگر پرانے کمپیوٹر سے موازنہ کیا جائے تو یقینا یہ حیرت انگیز لگیں گے، کیوں کہ یہ کمپیوٹر نہ صرف تیز رفتار ہیں بلکہ چھوٹے بھی اتنے ہیں کہ انھیں بغیر کسی دقت کے کہیں بھی رکھ سکتے ہیں۔